22/01/2010
 
 
   
 
 
  خلائی چٹانوں میںدھماکے کے شواہد
 

خلائی چٹانوں میںدھماکے کے شواہد

ایک نئی تحقیقق میں انٹارٹکا میں ہزاروں برس قبل ایک بڑے خلائی چٹان (’سپیس راک‘) کے دھماکے کے شواہد ملے ہیں، جس کا ملبہ دور دراز تک پھیل گیا تھا۔ سیارتی چٹان کے دھماکے کے شواہد انٹارٹکا کی برف کے اوپر جمی ہوئی خلائی گرد و غبار اور چھوٹے چھوٹے پتھروں کے تجزیے سے ملے ہیں۔ اس تحقیقی رپورٹ کی تفصیلات امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک اہم سائنس کانفرنس میں پیش کی گئی ہے۔ ہزاروں برس پہلے کا یہ واقعہ 1908ء کے تونگوسکا کے واقعہ سے ملتا جلتا ہے، جس میں کسی سیارے کی چٹان کے دھماکے سے سائبیریا کا جنگلاتی علاقہ زمین دوز ہو گیا تھا۔اس طرح کے دھماکے میں خلائی چٹان زمین پرگرنے سے پہلے اوپر کی زمین کے مدار میں دھماکے سے پھٹ جاتی ہے۔ گرد و غبار اور پتھریلی بجریاں انٹارٹکا کے دو مختلف علاقوں سے جمع کی گئی ہیں۔ تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ چار لاکھ اکیاسی ہزار برس پرانی ہیں۔ تحقیق سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یہ ایک ہی واقعہ سے پیدا ہوئے ہیں۔ انٹارٹکا کے ان دونوں مقامات کے درمیان 2900 کلو میٹر کا فاصلہ ہے، لہذا اتنے بڑے خطے پرخلائی ملبے کے پھیلنے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ ملبہ خلائی پتھروں کے زمین سے ٹکرانے سے نہیں بلکہ فضا میں دھماکے سے پھیلے تھے۔ سائنسدانوں کے اندازے کے مطابق یہ فضائی دھماکہ جس چٹان سے ممکن ہوا ہوگا وہ کم ازکم ایک لاکھ ٹن کی رہی ہو گی۔سائنس دانوں کا خیال ہے کہ جس طرح کے فضائی دھماکے کا واقعہ سو برس قبل سائبیریا میں پیش آیا تھا، وہ زمین پر پانچ سو سے ایک ہزار برس میں رونما ہوتا رہتا ہے۔

فیس بک اب موبائل پر

دنیا کی سب سے بڑی سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک نے موبائل فونز کے لیے فیس بک کا ’ٹیکسٹ اونلی‘ ورژن لانے کا اعلان کیا ہے۔ اس ورژن کو ’فیس بک زیرو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ کم بینڈ وڈتھ پر مشتمل یہ سائٹ ان لوگوں کے لیے بنائی گئی ہے جو اپنے موبائل فونز پر فیس بک استعمال کرتے ہیں اور اس کا افتتاح آئندہ چند ہفتوں میں کر دیا جائے گا۔ فیس بک منتظمین نے حال ہی میں یہ اعلان کیا تھا کہ اب سو ملین سے زائد افراد اپنے موبائل فونز سے فیس بک استعمال کرتے ہیں۔ برطانیہ کی جی ایس ایم ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لوگ اپنے موبائل فونز کی مدد سے جتنا وقت انٹرنیٹ پر گزارتے ہیں اس میں سے نصف فیس بک پر صرف ہوتا ہے۔ فیس بک کا کہنا ہے کہ نئی سائٹ میں زیادہ ڈیٹا استعمال کرنے والی ایپلیکیشنز جیسے کہ تصاویر شامل نہیں ہوں گی۔ فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہم اس پر بات چیت کر رہے ہیں کہ موبائل ویب پر فیس بک تک ہر کسی کو ہر جگہ رسائی ہو‘۔ خیال رہے کہ فیس بک پہلے ہی اپنی ویب سائٹ کا ایک کم ایپلیکیشنز والا ورژن لانچ کر چکی ہے جس کا نام ’فیس بک لائٹ‘ ہے۔ اس ورژن کا مقصد ترقی پذیر ممالک میں سست رفتار انٹرنیٹ کنکشنز پر فیس بک کے استعمال کو آسان بنانا ہے۔

چاند پر برف کے ذخائر

بھارتی خلائی جہاز چندریان سے کیے گئے ایک ریڈار تجربے کے ذریعے چاند کے قطب شمالی کے قریب برف کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کے ’منی سار‘ تجربے میں ایسے چالیس چھوٹے گڑھے ملے ہیں جن میں برفیلا پانی موجود ہے۔ یہ بات ٹیکساس میں منعقد ہونے والی اکتالیسویں ’لونر اینڈ پلینٹری سائنس کانفرنس‘ میں بتائی گئی۔ برف کے ان گڑھوں کا قطر دو کلومیٹر سے پندرہ کلومیٹر (ایک سے نو میل) تک ہے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ یہ برف موٹائی میں کم از کم چند میٹر ہوگی جس کے باعث اس کے آثار چندریان کے ریڈار پر نظر آئے ہیں۔ ہیوسٹن میں قائم لونر اینڈ پلینٹری انسٹیٹیوٹ کے ڈاکٹر پال سپوڈس کے اندازے کے مطابق ان گڑھوں میں چھ سو ملین میٹرک ٹن برفیلاپانی موجود ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس مقدار کی مثال دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ اتنی مقدار میں راکٹ ایندھن سے دو ہزار دو سو سال تک ہر روز ایک خلائی جہاز خلا میں بھیجنے کے لیے کافی ہوگا۔ ان سب گڑھوں میں مشترک بات یہ ہے کہ ان کے اندرونی حصے تک سورج کی روشنی نہیں پہنچتی۔ ان گڑھوں میں سے کئی پر مستقل اندھیرا رہتا ہے اور درجہ حرارت پچیس کیلون (منفی 284 سینٹی گریڈ، منفی 415 فارن ہائٹ) تک گر سکتا ہے۔ سائنسدان اب چاند کے قطب جنوبی سے حاصل کیے گئے اعداد و شمار کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو گیم کاایک بلین کا بزنس

ویڈیو گیم ماڈرن وارفیئر دوئم کے پبلشرز کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو گیم ان چند گیموں میں سے ہے جس نے ایک بلین ڈالر کمائے ہیں۔ یہ ویڈیو گیم نومبر میں مارکیٹ میں آئی تھی اور پہلے پانچ روز میں پانچ سو پچاس ملین ڈالر کمائے۔ اس گیم کے پبلشر ایکٹی ویڑن ہیں۔ ان پبلشر کی دیگر گیموں میں گیٹار ہیرو سوئم اور ورلڈ آف وارکرافٹ شامل ہیں۔ پبلشر کا کہنا ہے کہ کال آف ڈیوٹی: ماڈرن وارفیئر دوئم کی آمدنی کے بعد اس کا شمار بھی ان گیموں میں ہوتا ہے، جنہوں نے ایک بلین ڈالر کی آمدنی کی جس میں گیٹار ہیرو سوئم اور ورلڈ آف وارکرافٹ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تھری ڈی سائینس فکشن فلم اواتار نے بھی ایک بلین ڈالر کمائے ہیں۔ یہ فلم ان چار فلموں میں شامل ہو گئی ہے جنہوں نے بڑی کمائی کی ہے۔ اس سے زیادہ کمانے والی فلموں میں ٹائٹینک ہے جس نے ایک اعشاریہ آٹھ بلین ڈالر کمائے، لارڈ آف دی رنگز: دی ریٹرن آف دی کنگ نے ایک اعشاریہ ایک دو بلین ڈالر کمائے، پائریٹس آف دی کیریبیئن: ڈیڈ مینز چیسٹ نے ایک اعشاریہ صفر سات بلین ڈالر کمائے۔ماڈرن وارفیئر دوئم کال آف ڈیوٹی سیریز میں چھٹی ویڈیو گیم ہے۔ یہ گیم دو ہزار نو کی مقبول ترین گیم ہے۔

نیا ونڈو ایکسپلورر

مائیکروسافٹ کے اعلان کے مطابق انٹرنیٹ ایکسپلورر ویب براؤزر استعمال کرنے والے لاکھوں یورپی صارفین کو یکم مارچ سے متبادل براؤز کے استعمال کی سہولت میسر ہوگی۔ یہ فیصلہ دسمبر 2009ء میں مائیکروسافٹ اور یورپی مسابقتی کمیشن کے درمیان قانونی معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔ اس معاہدے میں مائیکروسافٹ اس بات پر تیار ہوئی ہے کہ وہ اپنے ونڈورز پی سی استعمال کرنے والے صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کو بطور ڈیفالٹ ویب براؤزر استعمال کرنے کی بجائے ان کی مرضی کا براؤزر انسٹال کرنے کی اجازت دے گی۔ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد میں سے نصف سے زائد انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کرتے ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے اس متبادل براؤزر کی اجازت کے اپ ڈیٹ کا تجربہ برطانیہ، بیلجیئم اور فرانس میں شروع ہو چکا ہے اور ادارے کے نائب صدر ڈیو ہائنر کے بلاگ کے مطابق ونڈوز ایکس پی، وسٹا اور سیون استعمال کرنے والے صارفین کو یہ اپ ڈیٹ خودبخود موصول ہوجائے گی۔

 
  تبصرہ
امیل
نام
جگھ
تبصرہ
 
 
 
   
C O N T E N T S مکمل فہرست
کورسٹوری رپورٹ
انٹرنیشنل شخصیت
نقطہ نظر سروے
آرٹ سپورٹس
فیشن خواتین کارنر
ھالی ووڈ بالی ووڈ
انفوسائنس فلم ریویو
کارٹون ہفتہ رفتہ
ان باکس اشتہار
اداریہ اشتہار 1
   
 
  Terms & Conditions   Disclaimer   Archive