|
حُسن
و فن میں بے مثال
ہالی
وڈ کی اداکارہ کیٹ بکن سیل کا فن کارانہ
سفر
فیصل
سعید
جذبوں
کی سچائی اس کا ایمان تھا اور محنت کے
ذریعے کوئی مقام حاصل کرنا اس کا خواب
تھا۔ کئی روگ اورمشکلات اس کی راہ کی رکاوٹ
بنے لیکن اس کا ارادہ مصمم تھا کہ ایک دن
اس کا نام دنیا کی مقبول ہستیوں میں شمار
ہو گا۔ آج کیٹ بکن سیل ہالی وڈ کی ایک مقبول
اداکارہ کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ فلم
”پرل ہاربر“ اور ”انڈر ورلڈ“ اس کی
پہچان ہیں جبکہ وہ ایک اچھی ماڈل بھی ہے۔
اس کو برطانیہ کی خوبصورت ترین اداکارہ
کا لقب بھی مل چکا ہے۔ وہ آکسفورڈ کی تعلیم
یا فتہ ہے اور اپنی ہمعصر اداکاراﺅں میں
کام کے معا ملے میں جنونی مشہور ہے۔ کیٹ
شہرت کے اس مقام پر اس قدر جلد کیسے پہنچی،
اس کے فن کارانہ سفر کی کہانی اس کی گواہی
دیتی ہے۔
کیٹ بکن سیل 26
جولائی
1973ء
کو برطانیہ میں پیدا ہوئی۔ اس کے والد
رچرڈ بکن سیل ٹی وی کے ایک مقبول آرٹسٹ
تھے، جن کی موت اس وقت ہوئی جب کیٹ تین برس
کی تھی۔ یہ بات اس کے ذہن میں رچ بس گئی کہ
اس کے آس پاس جتنے بھی لوگ ہیں ایک دن اس
کو چھوڑ کر چلے جائیں گے۔ اس باعث اس کو
ٹین ایج میں نروس بریک ڈاون ہو گیا، علاوہ
ازیں انورکسیا کی بیماری نے بھی اسے اپنی
لپیٹ میں لے لیا لیکن اس نے خود کو سنبھالا
اور اپنے لکھنے کے شوق کے ذریعے اپنے جذبات
اور احساسات کو رقم کرنے لگی۔ اس کی لکھی
گئی کہانیاں اور نظمیں شہرت سے ہمکنار
ہوئیں، یوں کیٹ میں اس کی کھوئی ہوئی خود
اعتمادی بڑھنے لگی، اس نے اپنے خوف پر
قابو پالیا اور اپنے والد کو خراج تحسین
پیش کرنے کے لیے انہی کے
شعبے کو اختیار کرنے کا ارادہ کیا اور
اداکاری کی جانب قدم بڑھائے، وہ نہایت
ذہین سٹوڈنٹ اور پر اثر شخصیت رکھتی تھی۔
سکول میں منعقد ہونے والے سٹیج ڈراموں
میں اس کے کام کو ہمیشہ پذیرائی ملتی تھی۔
گیارہ برس کی عمر میں اس نے تھیٹر سکول
میں داخلہ لیا اور ڈرامہ پڑھنا شروع کیا۔
کیٹ
نے 1991ء
میں ایک ٹی وی سیریز کے ذریعے اپنے کیرئیر
کا آغاز کیا اور نا قدین سے اپنے بارے میں
اچھی رائے موصول کی۔وہ خوبصورت تھی ،
بااعتماد تھی اور اس کی آنکھیں اس کی
پرفارمنس کے وقت اس کا ساتھ دیتی تھیں۔
اس کی یہی خوبیاں پروڈیوسرز کو بھا گئیں
اور اس کو کام ملنے لگا۔ لیکن کیٹ اپنی
پڑھائی سے کبھی غافل نہ تھی، وہ چاہتی تھی
لٹریچر اور مختلف زبانوں کی تعلیم کے
ذریعے خود کو اس قابل بنائے کہ منفرد کردار
نبھا سکے۔ اس نے آکسفورڈ میں فرنچ اور
روسی لٹریچر پڑھا اور جلد ہی فلموں میں
کام شروع کردیا۔ اس کی پہلی فلم شیکسپئیر
کے ڈرامہ پر مبنی ” Much
Ado about nothing “ تھی
جس میں اس کو مرکزی کردار دیا گیا۔ یہ فلم
مناسب بزنس کرنے میں کامیاب رہی۔ اس کو
اصل پہچان 1998ء
میں ریلیز ہونے والی فلم ”دی لاسٹ ڈیز آف
ڈسکو“ سے ملی، جس میں اس نے ایک آزاد منش
لڑکی کا کردار نبھایا۔ فلم کی کہانی کے
مطابق وہ مختلف ڈسکو کلبز کا رخ کرتی ہے
اور وہاں اپنے لیے رومانس تلاش کر تی ہے۔
اسی
دوران کیٹ مختلف تھیٹرڈرامہ میں بھی کام
کرتی رہی، جہاں اس کی ملاقات مختلف ممالک
کے اداکاروں سے ہوتی ۔ ایک کھیل کی ریہرسل
کے دوران اپنے مدمقابل اداکار کے ساتھ
رومانٹک مکالمے بولتی ہوئی وہ کسی اور ہی
دنیا میں کھو گئی اور یوں اس کا مائیکل
شین کے ساتھ نو سالہ رشتے کا آغاز ہوا۔
کیٹ کے مطابق” مجھ پر پہلی دفعہ محبت کا
حسن آشکار ہوا۔ وہ اس قدر خوبصورت احساس
تھا میں اس کے حصار میں قید ہو کر رہ گئی۔
“ ان دونوں کے یہاں بیٹی پیدا ہوئی جس کی
انہوں نے بہت پیار سے پرورش کی۔
کیٹ
کی فن کارانہ زندگی کا سب سے بہترین لمحہ
2001ء
میں ریلیز ہونے والی شہرہ آفاق فلم ”پرل
ہاربر“ کے ذریعے آیا جس میں اس نے ایک نرس
کا کردار نبھایا تھا۔ ایک جاپانی کے حملے
کے بعد ہسپتال زخمیوں سے اٹ جاتا ہے اور
ایک فرشتہ صفت نرس زخمیوں کا علاج کرتی
ہے اور ان کو دلاسا دیتی ہے۔ یہ رول اس کے
کیرئیر کا یادگار کردار بن گیا اور آج بھی
وہ اسی کے حوالے سے پہچانی جاتی ہے۔ اگلے
برس دونوں میاں بیوی کیٹ اور شین نے پہلی
دفعہ ایک ہی فلم ”انڈر ورلڈ“ میں ایک
ساتھ کام کیا۔ فلم کے ہدایتکار لئن وائزمین
تھے۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیابی کی خوشی
کے ساتھ ایک ناخوشگوار واقعہ کا باعث بھی
ثابت ہوئی۔ کیٹ اور شین کی زندگی کی راہیں
ایک دوسرے جدا ہو گئیں۔ اس کی وجہ کیٹ اور
ہدایتکار وائز مین کے مابین افئیر تھا،
جو اس فلم کے دوران ہی شروع ہوا۔
میڈیا نے اس واقعہ کو بہت اچھالا لیکن
کیٹ نے کسی بھی دباؤ میں
آنے سے انکار کردیا اور اپنے فیصلے کا
بھرپور دفاع کیا۔ اس کے مطابق ”اپنی زندگی
کو اپنی مرضی سے جینے کا مجھے بھرپور حق
ہے۔ میں اگر لوگوں کی اتنی پرواہ کرنا
شروع کردوں تو شاید میرے لیے سانس لینا
بھی مشکل ہو جائے گا۔“ قریباً ایک ماہ
بعد ہی اس جوڑے نے اپنی منگنی کا اعلان
کردیا۔ ان کی شادی بہت دھوم دھام سے ہوئی،
وائز مین نے کیٹ کی بیٹی کو بھی گود لینے
کا اعلان کردیا۔
کیٹ
کی ایک اور شاندار فلم”The
Aviator“ کے
نام سے ریلیز ہوئی جس میں اس نے لیونارڈو
ڈی کیپریو کے مدمقابل کام کیا۔ یہ ایک
تاریخی کلاسک فلم تھی جس میں کیٹ نے ایک
مقبول سماجی شخصیت کا کردار نبھایا تھا۔
اس فلم کے بعد اس کو ایک رومانٹک ادکارہ
کے روپ میں دیکھا جانے لگا۔ لیکن اس نے
بالآخر اپنی حقیقی شناخت کی جانب لوٹنے
کا فیصلہ کیا۔ اس کے والد ایک مقبول کامیڈین
تھے ، کیٹ نے بھی فلم” کلک“ میں ایک مزاحیہ
کردار اداکیا جو اس کے بقول ”میرے دل کے
بہت قریب تھا کیونکہ میں ہمیشہ سے ایسا
کرنا چاہتی تھی تاکہ اپنے والد کے نقش قدم
پر چل سکوں، یہ میری ایک بڑی خواہش تھی جس
کو میں نے بخوبی پورا کیا۔“
کیٹ
کے حسن کو ہمیشہ سے سراہا جاتا رہا ہے۔ اس
کو برطانیہ کی حسین ترین اداکارہ کا اعزاز
بھی مل چکا ہے۔ وہ ماڈلنگ بھی کرچکی ہے
جبکہ اس کا نام ان آرٹسٹوں میں بھی ہوتا
ہے جن کو ا نٹرنیٹ پر سب سے زیادہ سرچ کیا
جاتا ہے۔ موجودہ برس میں اس کی ایک اور
فلم”One
last wish“ منظر
عام پر آنے والی ہے۔ اس کو امید ہے کہ ابھی
اس کا وقت باقی ہے اور ہ اپنا نام اچھے
فنکاروں کی فہرست میں شمارکروانے میں
کامیاب رہے گی۔ اس کی بیٹی للی بھی اپنی
والدہ کے نقش قدم پر چلتی ہوئی اداکاری
کی جانب گامزن ہے۔ وہ کئی فلموں میں اپنی
والدہ کے بچپن کا کردار نبھا چکی ہے۔ کیٹ
اب اپنی ایک این جی او بنانے کا ارادہ
رکھتی ہے جو دل کے امراض میں مبتلا افراد
کی مدد کرے گی۔
|